ممبئی (سچ نیوز) تھیٹر کے معروف اداکار اور بھارتی فلم ’گاندھی‘ میں قائد اعظم محمد علی جناح کا کردار ادا کرنے والے اداکار ایلک پدمسی ہفتے کی صبح انتقال کر گئے۔ڈان نیوز کے مطابق ایلک پدمسی ایک عرصے سے بیمار تھے اور ہفتے کو صبح ساڑھے پانچ بجے 90 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے۔وہ تھیٹر کے مشہور اداکار تھے اور 1982 میں بنائی گئی فلم ’گاندھی‘ میں قائد اعظم محمد علی جناح کا کردار ادا کرنے پر انہیں عالمی سطح پر بہت پذیرائی ملی تھی۔وہ بھارت کے انگریزی تھیٹر کا بڑا نام تھے اور اپنے کیریئر میں 70 سے زائد ڈراموں اور تھیٹر پلے میں کام کیا۔تھیٹر پر کامیابی کے ساتھ ساتھ انہوں نے بھارت کے 100 سے زائد برانڈز کو اشتہار سازی کے ذریعے بڑا نام بنانے میں مرکزی کردار ادا کیا جس میں ایم آر ایف ٹائرز، ہمارا بجاج اور کاما سترا سمیت متعدد بڑے نام شامل ہیں۔انہیں شاندار کیریئر پر بھارتی حکومت کی جانب سے پدما شری ایوارڈ سمیت متعدد اعزازات سے بھی نوازا گیا تھا۔