ممبئی( سچ نیوز ) بہت سی اداکارائیں مصنوعی طریقے سے اپنے حسن میں اضافہ کرواتی ہیں لیکن قبول کوئی بھی نہیں کرتی۔ پہلی بار معروف بھارتی اداکارہ شروتی حسن نے یہ ہمت کی ہے اور دنیاکے سامنے اعتراف کر لیا ہے کہ وہ پلاسٹک سرجری کروا چکی ہیں۔ گلف نیوز کے مطابق شروتی حسن نے اپنے انسٹاگرام اکاﺅنٹ پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ میں پلاسٹک سرجری کروا چکی ہوں۔ یہاں میں نہ پلاسٹک سرجری کی حمایت میں بول رہی ہوں اور نہ ہی میں اس کی مخالف ہوں۔ میں نے چاہا اور پلاسٹک سرجری کروا لی، آپ اگر نہیں چاہتے تو نہ کروائیں لیکن اس حوالے سے ہمیں شرمندگی محسوس کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔“شروتی حسن نے مزید لکھا کہ ”میں نے کسی دوسرے کی رائے یا پسند کے زیراثر پلاسٹک سرجری نہیں کروائی تھی اور مجھے اس کا اعتراف کرنے میں بھی کوئی عار نہیں۔ اپنی جسم میں تبدیلی کروانے کی تکلیف برداشت کرنا آسان نہیں ہے لیکن اپنے سفر کی کہانی آپ کے ساتھ شیئر کرنا بہت آسان ہے۔ مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ یہ میری زندگی ہے اور یہ میرا چہرہ ہے جسے میں نے پلاسٹک سرجری کے ذریعے تبدیل کروایا۔ “