لاہور: (سچ نیوز) تنظیم اتحاد امت پاکستان کے سربراہ ضیاالحق نقشبندی کا کہنا ہے کہ مظاہرین قانون کو ہرگز ہاتھ میں نہ لیں.آسیہ بی بی کے معاملے پر ملک کے بیشتر علاقوں میں مظاہرین کی جانب سے احتجاج پر لاہور میں علمائے کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے تنظیم اتحاد امت کے سربراہ محمد ضیاالحق نقشبندی نے کہا کہ مظاہرین قانون کو ہرگز ہاتھ میں نہ لیں کیوں کہ یہ وقت آپس میں لڑنے کا نہیں پرامن رہنے اور جرات کا مظاہرہ کرنے کا ہے۔
محمد ضیاالحق نقشبندی نے سوال کیا کہ کیا آپ دنیا کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ مذہبی رہنما اپنی سیاست چمکا رہے ہیں، کیا ہم یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم انتہا پسند ہیں اور اپنے ہی لوگوں کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، عشق رسول ﷺ کے بغیر کوئی بھی مسلمان مکمل نہیں، معاملے کی حساسیت کو سمجھا اور اتحاد کو برقرار رکھا جائے۔
تنظیم اتحاد امت کے سربراہ نے مظاہرین کی قیادت سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اپنے کارکنوں سے کہیں کہ وہ مظاہرہ کریں لیکن کسی کی جان و مال کو نقصان نہ پہنچائیں، اقلیتوں کا بھی خیال رکھیں کیوں کہ پاکستان میں تمام شہریوں کے برابر کے حقوق ہیں، معاملات کے حل کےلیے قانونی راستہ اختیارکرناچاہیے جب کہ اور پاک فوج کے بارے میں کہے گئے الفاظ فوری واپس لیے جائیں۔
واضح رہے کہ 31 اکتوبر کو سپریم کورٹ نے توہین رسالت کیس میں آسیہ بی بی کی سزائے موت کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اسے بری کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد سے ملک بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔