قاہرہ (سچ نیوز)مصر کے مغربی صحرا میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 11 دہشت گرد مارے گئے۔مصری وزارت داخلہ کی جانب سے جاری سرکاری بیان میں بتایا گیاکہ سیکیو رٹی حکام نے قبائلی علاقے کے نزدیک مشتبہ عناصر کی موجودگی کا پتہ چلایا، یہ عناصر اس علاقے کو اپنی روپوشی کے مقام اور دہشت گرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی کے لیے ٹھکانا بنانا چاہتے تھے۔مغربی صحرا کے ایک پہاڑی علاقے میں دہشت گرد عناصر نے سیکیو رٹی حکام کی آنکھوں سے دور ایک پناہ گاہ تیار کی تھی جہاں وہ ورغلا کر لائے جانے والے افراد کو اسلحے اور دھماکا خیز آلات کے استعمال کی تربیت فراہم کرتے تھے۔بیان میں بتایا گیا کہ اس علاقے پر چھاپا مارا گیا اور علاقے کا گھیرا کر لیا گیا۔ اس پر دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی سمت فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں فورسز کی جوابی کارروائی میں 11 دہشتگرد مارے گئے ۔