نئی دہلی(سچ نیوز) بالی ووڈ کے مزاحیہ اداکار راجپال یادو عرف چھوٹا ڈون کو جیل بھجوادیا گیا ہے۔ ان کی کمپنی نے ایک فلم بنانے کیلئے 5 کروڑ بھارتی روپے کا قرضہ لیا تھا لیکن مقررہ وقت پر وہ قرض کی رقم ادا نہیں کرسکے جس کے باعث انہیں تین ماہ قید کی سزا سنادی گئی ہے۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق دہلی ہائیکورٹ نے مزاحیہ اداکار راجپال یادو کو تین ماہ کیلئے جیل بھجوادیا ہے۔ انہوں نے 2010 میں ’اتا پتا لاپتا ‘ فلم بنانے کیلئے قرض لیا تھا جو ادا نہیں کیا گیا۔ دہلی ہائیکورٹ کے جسٹس راجیو سائی نے راجپال یادو کو تین ماہ قید کی سزا سناتے ہوئے کہا کہ انہیں تہاڑ جیل میں رکھا جائے۔اداکار راجپال یادیو کو رواں برس اپریل میں بھی نئی دہلی کی ہائی کورٹ نے 6 ماہ جیل قید اور 11 کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی، تاہم بعد ازاں اسی عدالت نے اداکار کی ضمانت منظور کرلی تھی۔دہلی کی ایک کمپنی مرلی پراجیکٹس نے راجپال یادو کی کمپنی شری نورنگ گوڈاوری انٹرٹینمنٹ کے خلاف قرض کی واپسی کا مقدمہ دائر کیا تھا۔ کمپنی کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ راجپال یادو کی جانب سے قرض کی واپسی کیلئے انہیں 7 چیک جاری کیے گئے جو باﺅنس ہوگئے تھے۔مقدمے میں اداکار کی اہلیہ بھی نامزد ہیں تاہم عدالت نے ان کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں سنایا۔