لاہور: (سچ نیوز) معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پریس کانفرنس کے دوران مریم نواز نے ہمدردیاں سمیٹنے کی ناکام کوشش کی۔ انہوں نے ایک ٹیپ لیکر مارکیٹ میں بیچنے کی کوشش کی۔آڈیو ٹیپ کو ٹمپر کرنے والے جعلساز ٹولے کا سرغنہ جیل میں ہے۔ ناصربٹ 20سال مفروررہا، لندن میں نواز شریف کا باڈی گارڈ رہا۔ ناصر بٹ مشہور زمانہ قاتل، مفرور، منشیات فروش ہے۔ ٹیپ کے پیچھے اسی شخص نے یہ حرکت کی۔ ویڈیو کا فرانزک آڈٹ کرائیں گے۔
مریم نواز کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس طرح ویڈیو کی ریکارڈنگ غیر قانونی ہے۔ مریم نواز شریف نے قوم کو گمراہ کرنیکی کوشش کی۔ ہم پوچھتے ہیں یہ ویڈیو اس کہاں تھی جب ہائیکورٹ میں آپ گئے، آپ نے اس ویڈیو سے ن لیگ کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کی کوشش کی۔ یہ ہر بار ناکام ہوں گے۔ آپ نے ایک جج پر نہیں بلکہ پوری جوڈیشری پر حملہ کیا ہے، آپ نے انصاف دینے والے اداروں کو اپنے مفاد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی اور ان پر انگلیاں اٹھا دیں۔ آج کی ویڈیو کی مذمت کرتے ہیں۔ جج کیساتھ ملنے والا ناصر بٹ مسلم لیگ ن کا آدمی ہے، ہمیں سب پتہ ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مافیا اور منشیات فروشوں کا نیٹ ورک جس نے سیاست کو ڈھال بنایا اور پارلیمنٹ کو غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا اور جنہوں نے ہر شعبے کو تباہ و برباد کر کے کریمینل مافیا کو پروان چڑھایا یہ سب کچھ مسلم لیگ ن والوں نے کیا۔ آپ کی ایک ہی خواہش ہے کہ اقتدار چاہیے اور پارلیمنٹ چاہیے اور وزارت عظمی چاہیے جبکہ ن لیگ کا ملکی معیشت کیلئے مشکل تھا جس کا بوجھ عوام اٹھا رہے ہیں۔
مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز جو سونے کے چمچے لیکر پیدا ہوئی ان کو کیا پتہ عوامی مسائل کیا ہیں، بینظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو پر آپ کے والد نے جو الزامات سب کے سامنے ہیں، یہ جو مقدمات آپ پر ہیں یہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے نہیں بنائی بلکہ جن کے ساتھ آپ نے میثاق جمہوریت کیا انہوں نے ہی یہ مقدمات بنائے جن کی سزا آپ بھگت رہے ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان پر اتنے مقدمات آپ کی حکومت نے کیے۔ موجودہ وزیراعظم ملک چھوڑ کر نہیں بھاگے اور نہ ہی عدالت پر حملے کیے، کرکٹ سے جو پیسے عمران خان نے کمائے اس کی ٹریل عدالت میں جمع کرائی۔ جو سچا ہوتا ہے وہ چالیس سال کی منی ٹریل لے آتا ہے جس کی مثال عمران خان ہے جنہوں نے لندن سے تمام پیسوں کی تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کرائی اور الزامات سے کلیئر ہوئے۔
مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ بھتیجی نے اپنے چچا کو کونے میں لگا دیا۔ شہباز شریف آج بے بسی کی تصویر بنے بیٹھے تھے۔ ملکی معیشت کا بیڑا غرق کر کے لندن میں عیاشی کرنے والا اسحق ڈار، شہباز شریف کا داماد، ان کا بیٹا سلمان شہباز ملک سے باہر بیٹھے ہیں،یہ لوگ پاکستان میں آ کر اپنی بے گناہی کیوں ثابت نہیں کرتے۔ یہ لوگ ابھی بھی بے گناہ ہیں تو مقدمات کا سامنا کیوں نہیں کرتے۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو پتہ ہونا چاہیے کہ نیب میں یہ لوگ کیا بول کر آئے، شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے جب پوچھا جاتا ہے کہ پیسے کہاں سے آئے، منی ٹریل اور ٹی ٹی کے ذریعے پیسے کیسے آئے جس پر سابق وزیراعلیٰ کہتے ہیں کہ اس پر میں کچھ نہیں جانتے اس پر آپ میری فیملی یا میرے بچوں سے پوچھیں۔ بیٹا کہتا ہے کہ یہ تفصیلات آپ میرے والد سے پوچھیں کیا یہ قیامت کی نشانی نہیں ہے۔
تاجروں کے سوال پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ تاجروں کے تحفظات دور کریں گے، چیئر مین ایف بی آر شبر زیدی گورنر ہاؤس میں تاجروں سے ملیں گے، تمام مسائل حل کریں گے، تاجروں کی ایک ایک بات سنیں گے اور اس پر ورک آؤٹ کریں گے۔ مینو فیکچررز، ٹریڈرز پر جو بوجھ آیا اس مسائل کے حل کریں گے اور سب کو یقین دلاتا ہیں حکومت تاجروں کیساتھ لے کر چلے گی۔ تاجروں کے بغیر ملکی معیشت نہیں چل سکتی، مارکیٹوں میں جو اعتراضات ہیں ان کا ازالہ کریں گے، تاجروں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
دوسری طرف دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل کا کہنا تھا کہ روز کوئی نہ کوئی چیز کنفوژ کرنے کے لیے سامنے لائی جاتی ہے۔ ، ناصربٹ قتل، منشیات کیس میں بھی ملوث ہے اور اس کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حدیبیہ کیس سے ہمیں اعتراض ہے لیکن عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں، یہ توعدالتوں پر حملہ بھی کر دیتے ہیں، یہ توملک قیوم صاحب کو فون بھی کر دیتے تھے۔
صوبائی وزیر پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ناصربٹ کیساتھ میرا پرانا تعلق ہے، موبائل فون کی چوری کرنے والا شخص ایسی ویڈیو بناتا ہے، ویڈیومیں شراب کی بوتلیں بھی نظر آرہی تھی۔
سچ نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ مریم صفدرکی ہسٹری ہے باپ کی ساکھ کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، پیپلزپارٹی کا بیڑہ غرق آصف زرداری نے کیا، ہسٹری میں لکھا جائے گا (ن) لیگ کا بیڑہ غرق مریم نے کیا