اسلام آباد: (سچ نیوز) پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ہماری اہم اور مضبوط اتحادی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں مرکزی حکومت کے قیام میں اس کا اہم کردار ہے۔
نعیم الحق کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مقامی مسائل ہوں یا قومی معاملات، ہم باہم اشتراک سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ حکومت کی متحدہ سمیت تمام اتحادیوں سے مکمل ہم آہنگی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت کے ناقدین اتحادیوں کے مابین تقسیم اور اختلاف کے خواہاں ہیں لیکن حزب اختلاف کا ایجنڈا کامیاب ہوگا اور نہ ہی کسی کو غلط فہمیوں کے بیج بونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ معاملات اور مسائل پر گفتگو کرتے وقت احتیاط کا دامن تھامنا ہوگا۔ مسائل کے موثر حل کے لیے تنقید کی بجائے مشاورت کا راستہ اختیار کریں گے۔