اسلام آباد : (سچ نیوز) پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں بھارت کی جانب سے ہچکچاہٹ سے لگتا ہے وہاں آنے والے انتخابات کی تیاری ہورہی ہے۔ پاکستان خطے کی بہتری چاہتا ہے اس لیے اخلاص کے ساتھ مذاکرات کی دعوت دی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سےایک بار پھر ہچکچاہٹ کامظاہرہ کیا گیا، ملاقات سے معذرت پر حیران بھی ہوں اورتعجب بھی ہوا، بھارتی حکام کی جانب سےذہنی ہم آہنگی دکھائی نہیں دے رہی، لگتا ہے بھارت میں آنے والے انتخابات کی تیاری ہو رہی ہے۔
وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ خط کے ذریعے بھارت کو مثبت جواب دیا تھا، کسی بھی مسئلے کاحل بات چیت کے ذریعےہی نکالا جاسکتا ہے۔ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں بہتری کا خواہشمند ہے لیکن لگتا ہے کہ بھارت کی ترجیحات ہی اور ہیں۔ ہماری طرح بھارت نے بھی مذاکرات کا عندیہ دیا تھا، افسوس ہے کہ بھارت کی جانب سے مثبت جواب نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دہائیوں سے الجھے مسائل کو سلجھانے کی ضرورت ہے، ثبوت اور مداخلت کے باوجود مثبت انداز میں آگے بڑھے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمارا رویہ مثبت ہے لیکن افسوس بھارت سیاست سے نہیں نکل پا رہا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کسی بھی مسئلے کا حل بات چیت سے ہی ممکن ہے، پاکستان خطے میں امن و استحکام چاہتا ہے۔ بھارت ایک قدم آگے بڑھے، ہم دو قدم بڑھیں گے۔خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2015 سے مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔