اسلام آباد: (سچ نیوز) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا طیارہ جیسے ہی پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا تو معززمہمان کا شایان استقبال شروع کر دیا گیا۔ پاک فضائیہ کے ایف 16 اور جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے شاہی طیارے کو اپنے حصار میں لے لیا۔
پاکستانی فضائیہ کے طیاروں نے معزز مہمان کے طیارے کے دائیں اور بائیں فارمیشن میں پرواز کرتے ہوئے انہیں بحفاظت منزل مقصود تک پہنچایا۔
دورے پر آنے والے برادر ممالک کے سربراہان کو اس انداز میں خوش آمدید کہنا پاکستان اور پاک فضائیہ کی درخشاں روایت رہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان اور پاک فوج کے سربراہ سمیت اہم سیاسی اور عسکری شخصیات نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔انہوں نے فرداً فرداً تمام استقبال کیلئے آئے تمام میزبانوں سے پرجوش مصافحہ کیا۔ بچوں نے معزز مہمان کو گلدستے پیش کیے، اس موقع پر محمد بن سلمان نے بچوں کا بوسا لیا اور مسکراتے ہوئے ان کے تحفے کو قبول کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے معزز مہمان سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی گاڑی خود ڈرائیو کی اور وزیراعظم ہاؤس پہنچایا جہاں انھیں پاک آرمی کے چاک وچوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ معزز مہمان کو اکیس توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد جڑواں شہروں کو دلہن کی طرح سجایا گیا ہے۔ شاہراہیں خیر مقدمی بینرز، سعودی اور پاکستانی پرچموں سے سجی ہوئی ہیں۔
خیال رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان دو روزہ دورے پر آج پاکستان تشریف لائے ہیں۔ ان کے شاہی ڈاکٹرز، سیکیورٹی اور دیگر عملے پر مشتمل 221 افراد پہلے ہی 7 طیاروں پر پاکستان پہنچ چکے ہیں۔