اسلام آباد(سچ نیوز ) اداکار و گلو کار محسن عباس کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے کہا ہے کہ محسن نے شادی والے دن ہی اپنا اصل چہرہ دکھا دیا تھا اور شادی سے تیسرے روز مجھے تھپڑ مارے تھے ۔ان کا کہنا تھا کہ محسن شروع میں پڑھے لکھے رویے کا اظہار کرتا تھا لیکن اصل حقیقت نکاح والے دن ہی کھل گئی تھی۔فاطمہ سہیل نے کہا کہ نکاح والے دن شادی کے سٹیج پر ہی اس کا رویہ بدل گیا تھا اور مجھے احساس ہوا کہ اس نے مجھ سے پرانا بدلہ لینے کے لیے شادی کی۔محسن عباس نکاح والے دن میرے خاندان والوں کو ذلیل کر رہا تھا اور دوسرے روز بھی میرے رشتہ داروں کی بے عزتی کی جس سے میری بہن وہاں سے روتے ہوئے گئی۔انہوں نے بتا یا کہ شادی کے تین روز بعد ہی محسن عباس نے میرے منہ پر تھپڑ مارے تھے ،محسن عباس چھری سے ڈراتا تھا کہ اپنے والدین سے نہیں ملنا اس لیے میں نے چھ ماہ تک ظلم برداشت کیے، میں اپنے خاندان والوں کا فون بھی نہیں سن سکتی تھی۔فاطمہ نے کہا کہ میرے والدین نے میری مدد کی لیکن سسرال والوں نے کہا کہ آپ برداشت کرو۔انہوں نے کہا چونکہ میں نے اپنی مرضی سے شادی کی تھی اس لیے شروع میں برداشت کیا کیوں کہ میں نہیں چاہتی تھی کہ تماشا بنے۔