لاہور (سچ نیوز) اداکار محسن عباس حیدر (ڈی جے ) کی اہلیہ کی جانب سے ان پر تشدد اور بے وفائی کا الزام عائد کیا گیا تو اداکار گوہر رشید نے بھی اس کی تصدیق کردی۔ڈی جے کی اہلیہ فاطمہ سہیل کی جانب سے ہفتہ اور اتوار کی شب اپنے شوہر پر عائد کیے جانے والے الزام کے بعد مرزا گوہر رشیدنے تشدد کی تصدیق کی ہے۔انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر بتایا کہ جو نا انصافی فاطمہ سہیل کے ساتھ ہوئی ہے وہ اس کے سیکنڈ ہینڈ گواہ ہیں کیونکہ فاطمہ نے اپنی پوسٹ میں تشدد کے جس واقعے کا تذکرہ کیا ہے وہ 2018 میں پیش آیا تھا اور میرا دوست فاطمہ کو لے کر ہسپتال گیا تھا۔مرزا گوہر رشید نے لکھا ’ فاطمہ میرے لیے بہن جیسی ہے، جب اس پر تشدد ہوا تو اس نے اپنی شادی بچانے اور اپنے بچے کے تحفظ کی فکر کی جس کے باعث ہم بھی خاموش ہوگئے لیکن اب اس نے خود ہی اس معاملے پر آواز اٹھائی ہے۔‘اداکار نے کہا کہ ڈی جے جیسے لوگ معاشرے کیلئے خطرہ ہیں ، میں انہیں جذباتی ، بے رحم یا ذہنی بیمار کے طور پر نہیں بلکہ ایک خطرے کے طور پر دیکھتا ہوں، فاطمہ کو انصاف کے ساتھ مدد کی بھی ضرورت ہے۔خیال رہے کہ مذاق رات کے ڈی جے محسن عباس حیدر پر ان کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے اپنی ایک فیس بک پوسٹ کے ذریعے تشدد کا الزام عائد کیا تھا ۔ فاطمہ کے مطابق ڈی جے نے اسے اس وقت بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا جب وہ حاملہ تھی ۔ فاطمہ نے یہ الزام بھی عائد کیا تھا کہ جب ان کا لاہور میں بیٹا پیدا ہوا تو اس وقت ڈی جے کراچی میں ماڈل گرل نازش جہانگیر کے ساتھ رنگ رلیاں منا رہا تھا۔