ممبئی( سچ نیوز ) ویلنٹائن ڈے پر بھارت کے معروف ارب پتی صنعت کار رتن ٹاٹا نے بھی اپنے عہدجوانی کو یاد کرتے ہوئے اپنی محبت کی داستان دنیا کو سنا دی ہے۔ گلف نیوز کے مطابق رتن ٹاٹا نے بتایا ہے کہ ”ایک بار مجھے بھی محبت ہو گئی تھی اور اس کے ساتھ بس شادی ہوتے ہوتے رہ گئی۔“رتن ٹاٹا کا کہنا تھا کہ ”ان دنوں میں امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں نوکری کرتا تھا۔ میرے پاس اپنی گاڑی تھی اور پسندیدہ نوکری تھی۔ اسی دوران مجھے ایک امریکی لڑکی کے ساتھ محبت ہو گئی۔“رتن ٹاٹا نے واقعہ سناتے ہوئے مزید کہا کہ ”وہ لڑکی بھی میری محبت میں گرفتار ہو گئی اور ہم نے شادی کا فیصلہ کر لیا۔ اسی دوران مجھے بھارت واپس آنا پڑ گیا کیونکہ میری دادی بہت بیمار تھی اور میں 7سال سے ان سے دور امریکہ میں تھا۔ اگرچہ میں عارضی طور پر بھارت آیا لیکن پھر میں نے یہیں رہنے کا فیصلہ کر لیا۔ میں واپس امریکہ گیا اور اس لڑکی سے کہا کہ وہ مجھ سے شادی کرکے میرے ساتھ بھارت منتقل ہو جائے۔ مجھے توقع تھی کہ وہ میری بات مان جائے گی لیکن اس کے ماں باپ نہیں مانے۔ یہ 1962ءکی بات ہے۔ انہی دنوں چین اور بھارت کی جنگ ہوئی تھی اور لڑکی کے ماں باپ اس جنگ کی وجہ سے خوفزدہ تھے اور اپنی بیٹی کو بھارت نہیں بھیجنا چاہتے تھے۔ یوں محبت کے بعد اس لڑکی کے ساتھ میری شادی ہوتے ہوتے رہ گئی۔