ممبئی (سچ نیوز) بالی ووڈ میں اداکارائوں اور خواتین کی جانب سے اپنے ساتھ ہونے والے نازیبا رویات اور نامناسب مطالبات پر بات کیا جانا اب کوئی نئی بات نہیں۔اگرچہ اداکارہ کنگنا رناوت بھی پہلے اپنی کامیاب ترین فلم ’کوئین‘ کے ہدایت کار وکاس بہل پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کر چکی ہیں۔تاہم اب ایک بار پھر انہوں نے خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے اور خواتین کی جانب سے اپنی حفاظت نہ کیے جانے کے حوالے سے کھل کر بات کی ہے۔ڈان نیوز کے مطابق کنگنا رناوت نے گزشتہ برس اکتوبر میں انکشاف کیا تھا کہ وکاس بہل نے انہیں فلم کوئین کی شوٹنگ کے دوران جنسی طور پر ہراساں کیا۔اداکارہ کے مطابق ہدایت کار ان کے ساتھ نامناسب انداز میں پیش آتے رہے، یہاں تک وہ انہیں بانہوں میں بھر کر دیر تک ان کے بالوں کی خوشبو سونگھتے رہتے اور انہیں رومانوی مگر نامناسب باتیں کہتے۔تاہم اب انہوں نے واضح کیا ہے کہ ہر ہراسمنٹ جنسی نہیں ہوتی اور ساتھ ہی انہوں نے اپنے ساتھ ہونے والے ایک نامناسب واقعے پر بھی بات کی۔کنگنا رناوت نے ڈی این اے انڈیا سے بات کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ خواتین اپنی حفاظت کی خود ذمہ دار ہیں اور انہیں ہی خود کو محفوظ بنانے کے لیے آگے آنا پڑے گا۔کنگنا رناوت نے ایک واقعے کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ایک بار بھرے مجمع میں ایک شخص نے ان کے جسم پر انتہائی نامناسب انداز سے ہاتھ لگایا، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ جنسی ہراسمنٹ نہیں تھی۔اداکارہ کے مطابق انہوں نے نامناسب انداز میں ہاتھ لگانے والے شخص کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالی اور واضح کیا کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔ساتھ ہی اداکارہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خواتین کو اپنی حفاظت کے لیے خود اقدامات اٹھانا پڑیں گے۔انہوں نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ لازمی نہیں کہ خواتین اپنی حفاظت کے لیے کراٹے یا دیگر قسم کی تربیت لیں۔کنگنا رناوت کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان لڑکیوں کو بھی جنسی ہراساں سے متعلق تعلیم و تربیت دینے کی ضرورت ہے، کیوں کہ نئی نسل کی لڑکیوں کو اپنی حفاظت کے لیے ماحول کو سمجھنا ہوگا۔ان کے مطابق لڑکیوں کو کسی بھی شخص سے بات کرتے وقت شاید جیسے کمزور الفاظ کے بجائے ہر نامناسب معاملے پر واضح انداز میں انکار کی بات کرنی چاہیے۔خیال رہے کہ کنگنا رناوت ان دونوں اپنی آنے والی فلم ’منی کارنیکا: دی کوئین آف جھانسی‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں۔ان کی یہ فلم رواں ماہ 25 جنوری کو ریلزی کی جائے گی۔اس فلم میں کنگنا رناوت جھانسی کی رانی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی، ساتھ ہی وہ اس فلم کی شریک ہدایت کار بھی ہیں۔بطور ہدایت کار ان کی یہ پہلی فلم ہوگی۔