متحدہ عرب امارات میں بارشوں نے تباہی مچا دی، 150 سے زائد ٹریفک حادثات

بارش کے باعث دُبئی ایئرپورٹ پروازوں کے لیے بند، کئی سڑکوں حادثات کے باعث ٹریفک کے لیے بند کر دی گئیں

دُبئی (  سچ نیوز  ) متحدہ عرب امارات میں رواں ہفتے ہونے والی بارشوں نے نظامِ زندگی درہم برہم کر کے رکھ دیا ۔ خصوصاً دُبئی اور شارجہ میں عوام شدید مشکلات کا شکار ہو گئے۔ کئی اسکولوں میں بچوں کی حاضری بھی نہ ہونے کے برابر رہی۔ دُبئی اور شارجہ میں منگل اور بُدھ کی درمیانی رات بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو وقفے وقفے سے بُدھ اور جمعرات کو بھی جاری رہا۔جس کے باعث کئی مقامات اور نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا۔ جبکہ ٹریفک کی آمد و رفت بھی شدید متاثر ہوئی۔ دُبئی محکمہ ٹریفک کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بارش کے باعث بُدھ کے روز صرف 10 گھنٹوں کے دورانیے میں 154ٹریفک حادثات پیش آئے۔ محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر سیف المزروعی نے بتایا کہ ڈیڑھ سو سے زائد ٹریفک حادثات کے باعث اکثر سڑکیں ٹریفک کے لیے بند کر دی گئیں، اور وہاں پر حادثے کا شکار ہونے والی گاڑیوں کو ہٹانے میں خاصا وقت لگ گیا۔

متعدد سڑکوں کی بندش پر دیگر راستوں پر گاڑیوں کی کئی کئی کلومیٹر لمبی قطاریں لگ گئیں۔ جبکہ طوفانی بارش کے باعث دُبئی ایئرپورٹ پر بھی پروازیں کئی گھنٹے تک معطل رہیں۔ تاہم بعد میں موسم ٹھیک ہو جانے پر پروازوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔عجمان میں بھی بارش نے تباہی ضرور مچائی تاہم کوئی بڑا ٹریفک حادثہ پیش نہیں آیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روز بھی کچھ مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ جبکہ حکام نے ڈرائیوروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اگلے چند روز میں موسم کی متوقع خرابی کے باعث گاڑی چلاتے ہوئے احتیاط سے کام لیں اور حدِ رفتار سے ہرگز تجاوز نہ کریں۔ سڑک پر پھسلن ہونے کے باعث آگے جاتی گاڑیوں سے محفوظ فاصلہ رکھیں۔ اور بارش کے اوقات میں نشیبی علاقوں کا رُخ نہ کریں۔
Exit mobile version