کراچی (سچ نیوز) لالی ووڈ اداکارہ ماہرہ خان کو پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری میں کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا ہے جو بطور ماڈل بھی دنیا بھر کے مختلف برانڈز کے ساتھ کام کر کے کروڑوں روپے کما رہی ہیں لیکن ان کی پہلی تنخواہ کے بارے میں جان کر آپ کو بھی حیرت ہوگی۔بالی ووڈ کی بڑے بجٹ کی فلم رئیس میں شاہ رخ خان کے بالمقابل مرکزی کردار ادا کرنے والی ماہرہ خان نے دنیا بھر میں خوب نام کمایا اور اپنی جان دار اداکاری کے باعث خوب پیسے بھی سمیٹے ہیں لیکن انہوں نے پہلی نوکری ایک سٹور میں کی تھی ۔ماہرہ خان سے ٹوئٹر پر ایک مداح کی جانب سے سوال پوچھا گیا کہ انہوں نے پہلی نوکری کیا کی اور اس کی تنخواہ کتنی ملی تھی ؟۔اس سوال کے جواب میں ماہرہ خان نے بتایا کہ انہوں نے امریکہ کے مشہور سٹور ’ رائٹ ایڈ‘ میں پہلی باقاعدہ نوکری کی تھی اور اس وقت انہیں اس نوکری کا معاوضہ 5 اعشاریہ 95 ڈالر فی گھنٹہ ملتا تھا۔خیال رہے کہ ماہرہ خان اپنی عمر کے ابتدائی سالوں میں امریکہ میں مقیم رہی ہیں اور وہیں انہوں نے بطور وی جے کام کا آغاز کیا تھا اور آج وہ پاکستان کی صف اول کی اداکارہ بن چکی ہیں جو ایک کمرشل میں کام کرنے کا کئی لاکھ روپے معاوضہ لیتی ہیں۔