نئی دہلی(سچ نیوز) بھارتی شہر ممبئی میں ایک مالک مکان کو گھر میں رہنے والی 3کرائے دار لڑکیوں کی خفیہ کیمرے کے ذریعے ویڈیوز بنانے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے جس نے ایسی جگہ کیمرہ چھپا رکھا تھا کہ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق 47سالہ مالک مکان 4بیڈروم کے اپارٹمنٹ میں اپنے بوڑھے والدین کے ساتھ رہتا تھا اور تینوں متاثرہ لڑکیاں اس کے گھر میں پے انگ گیسٹ کے طور پر رہ رہی تھیں۔اس شخص نے لڑکیوں کے کمرے میں ایک اڈاپٹر لگا رکھا تھا جس کے متعلق اس نے لڑکیوں کو بتا رکھا تھا کہ یہ اس کے ٹی وی کے انٹینا کا کام کرتا ہے۔ لڑکیوں کو اس وقت شک گزرا جب ملزم ان کے ساتھ گفتگو میں ان باتوں کے حوالے دینے لگا جو وہ اپنے کمرے میں اکیلے میں کرتی تھیں۔ پہلے تو انہوں نے سوچا کہ شاید وہ کمرے کے باہر آ کر ان کی باتیں سنتا ہے لیکن پھر ایک لڑکی کی نظر اس اڈاپٹر پر گئی جس کے اوپر ایک کپڑا لگا ہوا تھا۔لڑکی نے کپڑا اتارا تو یہ دیکھ کر تینوں دنگ رہ گئیں کہ اس میں کیمرہ اور مائیک لگے ہوئے تھے۔ لڑکیوں نے پولیس کو اطلاع کر دی۔ جب پولیس نے مالک مکان کو گرفتار کرکے اس کے کمپیوٹر کی تلاشی لی تو اس میں سے لڑکیوں کے متعدد ویڈیو کلپ برآمد ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔