فیصل آباد(سچ نیوز)سابق صوبائی وزیرصحت اورمسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی خلیل طاہرسندھونے کہاہے کہ مارچ میں احتساب نہیں حکومت سے نجات کاوقت آنے والاہے،شیخ رشیدنے خودکوسیاست کے ابابیل قراردے کر خودبتادیاہے کہ اب حکمرانوں سے ڈ یڑھ برس کا حساب بھی ہوگااوراحتساب بھی۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر شیخ رشیدکے بیان پرردعمل میں رکن پنجاب اسمبلی خلیل طاہرسندھو کا کہنا تھا کہمسلم لیگ ن آج بھی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور میاں نوازشریف عمران خان سے زیادہ عوامی مقبولیت رکھتے ہیں،احتساب کے نام پرمسلم لیگی قیادت سے کچھ ثابت نہیں ہوسکا۔اُنہوں نے کہا کہراناثنااللہ سے ڈیڑھ برس تک کی جانےوالی تحقیقات سے بھی جب کچھ ثابت نہ ہوا تو اُن پرمنشیات کاایسامقدمہ بنادیاگیاجسے کوئی بھی باشعور شہری تسلیم نہیں کرسکتا اور نہ ہی حکومت شواہدپیش کرسکی،اللہ کی مہربانی اور سیاسی انتقام واضح ہونے کے بعدانہیں قانون کے مطابق رہائی ملی۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید دراصل ابابیل نہیں بلکہ ایسا ’’بیل ‘‘ہیں جن سے ہرکام لیاجاتاہے،ڈیڑھ برس میں حکمرانوں نے احتساب کے نام پرانتقام کی سیاست کی ہے، ملکی انتظام سے ان کی کوئی دلچسپی نہیں،جس قدرملک اور قوم مشکلات کاشکارہیں اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔خلیل طاہر سندھ نے کہا کہ تبدیلی کے نام پرجن لوگوں نے غلطی سے بھی پی ٹی آئی کوووٹ دیے تھے اب وہ زیادہ پریشان ہیں۔