لندن: (سچ نیوز) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اپنے میڈیکل چیک اپ کیلئے لندن کے معروف گائز اینڈ تھامس ہاسپٹل پہنچ گئے ہیں۔
سچ نیوز ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کے فرزند حسن نواز، حسین نواز اور ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ لندن کے گائز اینڈ تھامس ہاسپٹل میں آج ان کے خون، گردوں اور دل کے ٹیسٹ لئے جائیں گے۔ ڈاکٹر عدنان کے مطابق نوازشریف کی طبیعت پہلے سے کچھ بہتر ہے۔ رپورٹس آنے کے بعد اس کا فیصلہ کیا جائے گا کہ میاں نواز شریف کو علاج کیلئے امریکا منتقل کیا جائے یا نہیں۔
شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ قوم کی دعاؤں کے باعث نواز شریف لندن پہنچے ہیں۔ حسین نواز نے کہا کہ سیاسی بات نہیں کریں گے، پہلی ترجیح نواز شریف کا علاج ہے، اللہ تعالیٰ انھیں صحت دے۔
گزشتہ رات سابق وزیراعظم میاں نواز شریف ہیتھرو ایئر پورٹ سے سیدھے ایون فیلڈ اپارٹمنٹ پہنچے جہاں کارکنوں نے انہیں خوش آمدید کہا۔ ائیرپورٹ پر بھی شریف فیملی اور قریبی افراد موجود تھے۔