نئی دلی (سچ نیوز ) بھارتی فوج نے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے ایل او سی پر باڑ کاٹی ہے یا آزاد کشمیر کے گاﺅں پر قبضہ کیا ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے ایشین نیوز انٹرنیشنل (اے این آئی) نے فوجی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ اس طرح کی افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ بھارتی فوج نے ایل او سی پر باڑ کاٹی ہے یا آزاد کشمیر کے کسی گاﺅں پر قبضہ کرلیا ہے۔ یہ تمام خبریں بے بنیاد ہیں اور ان میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔
جمعہ کے روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کو خط لکھا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ انڈیا نے ایل او سی پر 5 جگہ سے خار دار تار کاٹ دی ہے۔ ایل او سی پر اس کارروائی کے بعد یہ خدشہ ہے کہ بھارتی فوج مودی سرکار کے خلاف جاری مظاہروں سے توجہ ہٹانے کیلئے کوئی فالز فلیگ آپریشن کرسکتی ہے۔
واضح رہے کہ انڈیا کی جانب سے وادی نیلم پر شدید گولہ باری کی جارہی ہے جس کے باعث 2 گھر تباہ اور 2 عام شہری شہید ہوگئے ہیں۔ انڈین میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ انڈین فوج نے ایل او سی پر دہشتگرد کیمپ کو تباہ کیا ہے۔