لاہور: (سچ نیوز ) سپریم کورٹ نے قبضہ مافیا منشا بم کیس میں آئی جی پنجاب اور ڈی سی لاہور کو فوری طلب کر لیا۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں قبضہ مافیا منشا بم کیخلاف ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے پنجاب پولیس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا یہ ہے نئے پاکستان کی پولیس ؟ رات 12 بجے تک زمین متعلقہ لوگوں کو دے کر رپورٹ پیش کریں، پولیس کو شرم آنی چاہیے، بدمعاشوں کی طرف داری کرتے ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا پولیس عدالتی حکم پر من وعن عملدرآمد کر رہی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا افضل کھوکھر، منشا بم اور کیس پر اثرانداز ہونے والوں کو بلا رہے ہیں، ایک منشا بم پولیس سے قابو میں نہیں آرہا، آپ بدمعاشوں کے ساتھ ملے ہوئے ہیں، منشابم سے کیا رشتہ داری ہے، کیوں اسے بچا رہے ہو ؟ آپ یونیفارم میں واپس نہیں جائیں گے۔