فیس بک کی چیف آپریٹنگ آفیسر نے منگنی کرلی

فیس بک کی چیف آپریٹنگ آفیسر نے منگنی کرلی

نیویارک(سچ نیوز ) فیس بک کی چیف آپریٹنگ آفیسر شیرل سینڈبرگ نے فیس بک ہی کے ایک اور عہدیدار کے ساتھ منگنی کر لی۔ میل آن لائن کے مطابق شیرل سینڈبرگ نے فیس بک کے مارکیٹنگ چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹام برنتھل کے ساتھ گزشتہ روز منگنی کی اور اس کا اعلان اپنے فیس بک پیج پر کیا۔ شیرل نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ”منگنی شدہ! ٹام برنتھل، تم ہی میرا سب کچھ ہو۔ میں تمہیں اس سے زیادہ محبت نہیں کر سکتی۔“شیرل سینڈ برگ کی اس سے قبل ڈیو گولڈبرگ کے ساتھ شادی ہوئی تھی جو 5سال قبل 47سال کی عمر میں ہارٹ اٹیک کے باعث دنیا سے رخصت ہو گئے۔ وہ لوگ میکسیکو میں چھٹیاں منانے گئے ہوئے تھے جہاں ڈیو گولڈ برگ کو ہارٹ اٹیک آیا۔ شیرل کو اس کے آنجہانی شوہر کے بھائی روب گولڈ برگ نے پہلی بار ٹام سے ملوایا تھا۔ ڈیو گولڈ برگ کے ساتھ شیرل کی دوسری شادی تھی۔ ان کی پہلی شادی بریان کریف کے ساتھ 1993ءمیں ہوئی تھی جو صرف ایک سال ہی چل سکی تھی۔

شیرل کی منگنی کے اعلان پر مبنی پوسٹ پر کمنٹس میں فیس بک کے بانی مارک زکربرگ سمیت ہزاروں لوگ شیرل اور ٹام کو مبارکباد دے رہے ہیں اور ان کے مستقبل کے لیے نیک تمناﺅں کا اظہار کر رہے ہیں۔ اپنے کمنٹ میں مارک زکربرگ نے لکھا کہ ”مبارکباد! آپ کی جوڑی بہت خوبصورت ہے اور مجھے خوشی ہے کہ آپ اس رشتے میں منسلک ہو گئے۔“

Exit mobile version