ڈھاکہ (سچ نیوز) بنگلہ دیش میں ایک ہندو کی جانب سے توہین رسالت ﷺ پر مبنی فیس بک پوسٹ کے خلاف کیے جانے والے احتجاجی مظاہرے کے دوران پولیس کی سیدھی فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔ایک ہندو نے فیس بک پر توہین رسالت ﷺ پر مبنی مواد پوسٹ کیا تھا جس پر اسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ گستاخانہ پوسٹ سامنے آنے پر بنگلہ دیش کے مسلمان بھڑک اٹھے اور انہوں نے برہان الدین ٹاﺅن میں شدید احتجاج کیا۔ 20 ہزار سے زائد مظاہرین نے ملزم کی فی الفور پھانسی کا مطالبہ کیا۔مظاہرے کے دوران پولیس نے لوگوں پر سیدھی فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر 4 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے دفاع میں فائرنگ کی ہے کیونکہ مظاہرین نے اہلکاروں پر پتھراﺅ شروع کردیا تھا۔پولیس فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے ، ڈاکٹر طیب الرحمان نے غیر ملکی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جن زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا ہے ان میں سے 43 کی حالت سخت تشویشناک ہے۔