لاہور (سچ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اڈیالہ جیل میں قید حنیف عباسی کی نواز شریف کے رہائی والے دن ان کے ہمراہ جیل سپرنٹنڈنٹ کے کمرے میں بیٹھے تصویر کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی پریس کانفرنس کے دوران یہ سوال اٹھایا گیا کہ نواز شریف کی رہائی والے دن حنیف عباسی بھی نواز شریف کے ہمراہ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کے کمرے میں بیٹھے ہوئے تھے اور ان کی باڈی لینگوئج پر بھی سوال اٹھائے جا رہے ہیں تو انہوں نے اس معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کی تھی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے فواد چوہدری کی اپیل کے بعد اس معاملے کا باقاعدہ نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب جیل خانہ جات سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے نوٹس لئے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے آئی جی جیل خانہ جات سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے کہ حنیف عباسی سپرنٹنڈنٹ کے کمرے میں کیسے اور کیوں پہنچے، یہ تصویر کیسے بنی اور پھر ریلیز کیسے ہوئی اور اس کے علاوہ جیل کے اندر مٹھائیاں کیسے پہنچیں۔رپورٹ کے مطابق فیاض الحسن چوہان نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے رپورٹ طلب کئے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات کے بعد ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی ہو سکتی ہے۔