ممبئی(سچ نیوز) بالی ووڈ اداکارہ تاپسی پنو نئی فلم ’پتی پتنی اور وہ‘ سے نکالے جانے پر فلم میکرز پر پھٹ پڑیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ تاپسی پنو نے بتایا کہ انہیں اچانک ہی بغیر وجہ بتائے فلم سے نکال دیا گیا اور انہیں اس بارے میں فلم کی شوٹنگ سے چند دن پہلے بتایا گیا، اگر پہلے ہی بتا دیا جاتا تو وہ دوسرے پراجیکٹ کے لیے ہامی بھرلیتیں۔تاپسی پنو نے بتایا کہ ’میں نے ہدایت کار سے نکالے جانے کی وجہ پوچھنے کی کوشش کی تھی تاہم وہ کوئی واضح وجہ نہیں بتاسکے ہیں جس کے بعد فلم کے پروڈیوسر سے بھی رابطہ کیا لیکن انہوں نے بھی کوئی خاطر خواہ جواب دینے سے گریز کیا۔اداکارہ نے بتایا کہ گزشتہ سال فلم کے پروڈیوسر کی موجودگی میں مجھے فلم کا اسکرپٹ پڑھ کر سنایا گیا تھا جوکہ مجھے پسند بھی آیا تھا۔ میں نے یہ فلم کرنے کی ہامی بھرلی تھی حتیٰ کہ مجھے شیڈول کے دوران دیگر کاموں سے فراغت کا بھی کہا گیا تھا لیکن اس تمام عمل کے باوجود عین وقت پر مجھے فلم سے نکال دینا سمجھ سے بالاتر ہے۔اداکارہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فلم میکرز سے فلم سے نکالے جانے پر اصل وجہ بتانے کا مطالبہ بھی کیا۔کہا جارہا ہے کہ فلم ’پتی پتنی اور وہ‘ میں تاپسی کی جگہ چنکی پانڈے کی بیٹی اننیا پانڈے کو لانے پر غور کیا جارہا ہے جوکہ کارتک آریان کے ساتھ مرکزی کردار ادا کریں گی۔