ممبئی (سچ نیوز) 2016 میں انڈیا کی پہلوان بہنوں کی آٹو بائیو گرافی ’دنگل‘ سے دنیا بھر میں شہرت حاصل کرنے والی کشمیری اداکارہ زائرہ وسیم نے بالی ووڈ انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ فلموں نے اللہ سے ان کے رشتے کو نقصان پہنچایا اور انہوں نے بالی ووڈ کے ایک ایسے ماحول میں کام کیا جس نے ان کے ایمان میں دخل دیا اور دین کے ساتھ ان کے تعلق کو نقصان پہنچایا۔اپنی ایک فیس بک پوسٹ میں زائرہ وسیم نے بالی ووڈ سے کنارہ کشی کا اعلان کیا اور کہا کہ انہوں نے اس شعبے میں اپنے پانچ سالہ دور میں جو پہچان بنائی ہے وہ اس سے خوش نہیں ہیں۔ انہوں نے اس شعبے میں خود کو فٹ کرنے کی بہت کوشش کی لیکن انہیں یہ یقین ہوچکا ہے کہ وہ اس سے تعلق نہیں رکھتیں۔ فلم انڈسٹری نے انہیں مغرور بنادیا اور انہیں ایک ایسے ماحول میں کام کرنا پڑا جس کے باعث ان کا مذہب خطرے میں نظر آیا۔ زائرہ وسیم نے کہا کہ بالی ووڈ میں کام کے دوران ان کی اپنی روح کے ساتھ جنگ جاری رہی اور آخر کار وہ اس جنگ سے تھک گئیں، کم علمی کے باعث انہوں نے اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا ۔ اداکارہ نے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر اس بات کا اعلان اس لیے نہیں کر رہیں کہ خود کو پاک صاف ظاہر کریں بلکہ وہ ایک نیا آغاز کرنا چاہتی ہیں۔ خیال رہے کہ زائرہ وسیم کو 2017 میں بھارت کے صدر نے بہترین اداکاری پر نیشنل ایوارڈ سے نوازا تھا۔ اداکارہ نے فلم انڈسٹری چھوڑنے کے بعد سوشل میڈیا اکاﺅنٹس سے اپنی تمام تصاویر بھی ہٹادی ہیں۔