کراچی (سچ نیوز) اداکار عمران اشرف اعوان نے اپنے مداحوں اور دوستوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ان کی ذات پر تنقید کرنے والے فردوس جمال کے بارے میں کوئی بھی منفی تبصرہ کرنے سے گریز کریں۔نوجوان اداکار عمران اشرف اعوان نے فردوس جمال کی جانب سے کی جانے والی تنقید پر کہا ’فردوس صاحب قابل عزت ہیں اور کمال کے اداکار ہیں، یقیناً اگر یہ بھولا کا رول کرتے تو مجھ سے ہزار گنا بہتر کرتے ، میں ان کی اور ان کے نقطہ نظر کی قدر کرتا ہوں۔‘انہوں نے مزید کہا کہ ’میری اپنے دوستوں اور ناظرین سے دردمندانہ درخواست ہے کہ مجھے بالکل بھی برا نہیں لگا، میں کوشش کروں گا کہ اور سیکھوں ، برائے مہربانی ان کیلئے کوئی سخت تبصرہ نہ کریں، ہمارے بڑے گھر میں بھی ہمیں کچھ کہہ دیتے ہیں ضروری نہیں کہ برا مانیں۔‘خیال رہے کہ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام کے دوران لیجنڈری اداکار فردوس جمال نے موجودہ اداکاروں کو ’ شوپیس‘ قرار دیا تھا۔ انہوں نے عمران اشرف کی جانب سے ’ رانجھا رانجھا کردی‘ میں نبھائے جانے والے ’ بھولا ‘ کے کردار پر بھی کڑی تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ عمران اشرف نے بھولا کا کردار نبھایا نہیں ہے بلکہ اس کردار کو نبھانے کی اداکاری کی ہے ۔