کراچی(سچ نیوز )اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ ہماری جنگ اس مخصوص سوچ کے خلاف ہے جو یہ سمجھتے ہیں کہ کامیاب عورت ایک ڈراو¿نی سوچ ہے۔فردوس جمال کی تنقید پر رد عمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم حال ہیں اور جو ہم کرتے ہیں اور جیسے ہم کرتے ہیں وہ ہمارا مستقبل ہے لیکن میں ان سب کا شکریہ ادا کرتی ہوں جو مجھ سے پوچھے بغیر میری حمایت میں باہر آئے۔سوشل میڈ یا ایپ انسٹا گرام پر پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بطور فنکارہ مجھے اپنی انڈسٹری پر فخر ہے اور میں شکر گزار ہوں ان سینئرز کی جنہوں نے نہ صرف دوسروں کا بلکہ میرے لیے بھی راستہ ہموار کیا، مجھے خود پر بھی فخر ہے کیوں کہ اپنی زندگی کے اس سفر میں میں فخر کے ساتھ یہ کہہ سکتی ہوں کہ میں نے وہ کچھ کیا ہے جو مجھے ٹھیک لگا ہے لیکن اس بات سے کبھی پریشان نہیں ہوئی کہ دوسروں کے مطابق میرے لیے کیا ٹھیک ہے۔اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ ایک کے بعد دوسرے کے پیچھے پڑنا بند کریں اس طرح ہمارا ملک اور ہماری انڈسٹری کامیابی کی جانب بڑھے گی۔