کراچی (سچ نیوز )اداکار فردوس جمال نے کہا ہے کہ میری گفتگو کا مقصد ماہرہ خان پر تنقید کرنا نہیں بلکہ میں نے فنی صلاحیتوں کے تناظر میں بات کی،کوئی بھی میری کی ہوئی بات دل پر نہ لے۔ ماہرہ خان کے حوالے سے گفتگوپر آنے والے رد عمل پر بات کرتے ہوئے فردوس جمال نے کہا ہے کہ اگر میں 20سال کی عمر میں ضعیف کا کردار ادا کر سکتا ہوں تو اداکارہ ماہرہ خان یا دوسری اداکارائیں کیوں ماں کا کردار ادا نہیں کرسکتیں، فن میں ہر چیز کی قربانی دینی پڑتی ہے اور بڑا فنکار وہی ہے جو ہر مشکل کردار ادا کر سکے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی فلم انڈسری میں اداکار سنجے دت کی والدہ اداکارہ نرگس نے بھرپور جوانی میں بڑھاپے کے کردار بھی انتہائی خوبصورتی سے نبھائے جس پر انہیں ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ میں نے دیکھا ہے کہ ہمارے ہاں اداکارائیں صرف ہیروئن کی چھاپ لگوانے کے لئے بوڑھی یا ماں کا کردار ادا نہیں کرتیں جو فن کے ساتھ زیادتی ہے۔انہو ں نے کہا کہ اصل فنکار وہی ہے جو کسی بھی طرح کے مشکل کردار کو اس طرح نبھائے کہ دیکھنے والوں اس کردار کو مدتوں بھلا نہ سکیں۔