نئی دہلی(سچ نیوز)آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کےسربراہ اوررکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹراسد الدین اویسی نے کہا ہے کہ عوام نے کانگریس اور بی جے پی کو ان کی مبینہ فرقہ وارانہ سیاست کے سبب مسترد کردیا ہے،راہول گاندھی شکست کے بعد اپنا محاسبہ کریں ۔بھارتی نجی ٹی وی کے مطابق آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کےسربراہ اسد الدین اویسی کا کہنا تھا کہ کانگریس کے صدر کہا کرتے تھے کہ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین بھارتی جنتا پارٹی کی بی ٹیم ہے ،ریاستی انتخابات میں حیدر آباد اور تلنگانہ کی عوام نے راہول گاندھی کے جھوٹوں کومسترد کردیا ہے،مجھے امید ہے کہ اب راہول گاندھی اپنے لغو بیانات اور طرز عمل کا محاسبہ کریں گےاور یہ دیکھیں گے کہ ان کی پارٹی نے ایسا کیا نہیں کیا جو ہم نے تلنگانہ میں کیا ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اوربی جے پی کے لیڈروں نے تلنگانہ کے انتخابات شکست اٹھائی ہے،راہول گاندھی آپ کو اپنی آنکھیں کھولنی چاہئے اوریہ دیکھنا چاہئے کہ کس طرح تلنگانہ کے عوام نے نہ صرف گنگا جمنی تہذیب میں یقین ظاہرکیا ہے بلکہ بی جے پی کے ساتھ ساتھ آپ کی پارٹی کےامیدواروں کو بھی شکست دیتے ہوئے اپنے ارادوں پر پختہ عزم ظاہر کر دیا ہے ۔واضح رہے کہ تلنگانہ کی 119 اسمبلی سیٹوں میں سے آٹھ سیٹوں پرمجلس اتحاد المسلمین نے امیدواراتارے تھے، جس میں 7 امیدواروں کے جیتنے کا امکان ہے۔مجلس اتحاد المسلمین کے 4 امیدواراب تک فاتح قراردیئے جاچکے ہیں جبکہ 3 امیدوار واضح برتری لئے ہوئے ہیں اوران کے جیتنے کا امکان روشن ہے جبکہ ایک امیدوارکو شکست کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ تلنگانہ میں ٹی آرایس واضح اکثریت کے ساتھ اپنے دم پردوبارہ حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔