‘عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا، اتحادیوں سے ملکر عوامی مسائل حل کریں گے

اسلام آباد: (سچ نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عوام نے پاکستان تحریک انصاف کو مینڈیٹ دیا، اتحادیوں کے ساتھ مل کر عوامی مسائل حل کریں گے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کراچی کے مسائل سیاسی جماعت کا اتحاد توڑنے سے نہیں کرپشن، لوٹ مار اور کمیشن سے اتحاد توڑنے پر حل ہوں گے، عوام اور سیاست کے میدان میں ناکام ہونے کے بعد سیاسی مخالفین چور دروازہ ڈھونڈ رہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کراچی کا اصل مسئلہ ایک دہائی سے سندھ پر مسلط کرپٹ ٹولہ ہے، جب تک وہ رہے گا سندھ اور کراچی کی قسمت نہیں بدلے گی، ان کی سیاہ حرکتوں کی وجہ سے پاکستان کے عوام نے ان سے سیاسی اتحاد توڑا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے قوم کو جوڑ توڑ اور لین دین کی سیاست سے پاک کر دیا، بلاول کو حقیقی جمہوری رویوں سے ثابت کرنا ہوگا کہ وہ ذوالفقار علی بھٹو اور بی بی شہید کی عوامی سیاست کے وارث ہیں۔

Exit mobile version