اسلام آباد(سچ نیوز) امریکہ کی اسٹیٹ سیکرٹری برائے جنوبی ایشیاء ایلس ویلز آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گی،سفارتی ذرائع کا کہناہے کہ دورے کے دوران ایلس ویلز اپنے دورۂ پاکستان میں عسکری اور سول قیادت سے ملاقاتیں کریں گی۔ہم نیوز کے مطابق سربراہان کی ملاقات کے بعد ایلس ویلز کے دورے کا مقصد پاک امریکہ تعلقات کو مستحکم کرنا ہے۔خیال رہے کہ ایلس ویلز اس وقت پاکستان کا دورہ کررہی ہیں جب افغان امن عمل کے حوالے سے اہم پیشرفت جاری ہے۔ امریکی نمائندہ برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد نے بھی گزشتہ روز پاکستان کا مختصر دورہ کیا۔امریکی سفارتخانہ کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ زلمے خلیل زاد نے افغانستان اور پاکستان کی سرزمین کو ایکدوسرے کے امن کے خلاف استعمال نہ ہونے دینے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ ایسی یقین دہانیوں سے افغان امن عمل مثبت سمت میں آگے بڑھے گا ۔گزشتہ روز زارت خارجہ کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیاکہ زلمے خلیل زاد کے دورۂ پاکستان کے موقع پر افغان امن عمل میں پیشرفت اورخطےمیں امن وامان کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ زلمےخلیل زاد نےدوحہ میں امریکاطالبان امن مذاکرات میں پیشرفت سےآگاہ کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ دوحہ انٹراافغان امن مذاکرات میں پیشرفت خوش آئند ہے ،افغان امن عمل کےبنیادی روڈمیپ پرفریقین کا متفق ہونامثبت پیشرفت ہے،پاکستان افغان امن عمل میں اپناکرداراداکرتےرہےگا۔زلمے خلیل زاد کی وفد کے ہمرا وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزارت خارجہ کے اعلی حکام بھی شریک تھے۔اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کے لیے پرعزم ہے۔ پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے۔یاد رہے کہ ایلس ویلز نے گزشتہ برس نومبر میں بھی بطور امریکی پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری آف اسٹیٹ برائے جنوب و وسطی ایشیا پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے پاکستانی وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام ملاقات کی تھی اور اس موقع پر وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے تھے۔پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری فارن آفس آفتاب کھوکھر نے کی جبکہ وزارتِ داخلہ اور وزارت دفاع کے اعلیٰ افسران بھی وفد کا حصہ تھے۔پاکستانی وفد نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے فروغ کے لئے اقتصادی و تجارتی تعاون اور عوام کی سطح پر روابط کو بڑھانے پر زور دیا۔دوسری جانب امریکی وفد نے خطے کا اہم ملک ہونے کے ناطے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ مذاکرات کے دوران افغانستان میں امنعامہ کی صورتحال اورعلاقائی سلامتی پر بھی گفتگو کی گئی۔مذاکرات میں دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری اورعلاقائی امن وامان سمیت مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ۔