اسلام آباد(سچ نیوز )وزیراعظم عمران خان نے اسد عمر کا استعفیٰ قبول کر کے عبد الحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ لگانے کا نوٹی فیکیشن جاری کردیا ہے ۔کابینہ میں ردو بدل کے حوالے سے میڈ یا پر مختلف قسم کی باتیں سامنے آرہی ہیں ۔تجزیہ کار حامد میر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو اسد عمر کی جانب سے اتنی جلدی استعفے کے اعلان کی امید نہیں تھی ۔نجی نیوز چینل دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کابینہ میں ردو بدل کے ساتھ ہی وزیراعظم ہاوس کی جانب سے اس خبر کی تردید غلط ثابت ہوگئی ،صحافی اپنی خبر پر قائم رہے جبکہ وزیراعظم ہاوس کہہ رہا تھا کہ کابینہ میں ردو بدل کی خبریں غلط ہیں لیکن وقت نے ثابت کیا کہ صحافی ٹھیک نکلے ۔حامد میر نے کہا کہ اسد عمر نے کابینہ کو گڈ بائے کہہ کر بہت بڑا کرائسز پیدا کردیا ہے کیونکہ عمران خان کا خیال تھا کہ آئی ایم ایف سے ڈیل ہونے کے بعد اسد عمر کو فارغ کروں گا تب تک کوئی نیا نام بھی ڈھونڈ لیں گے ،اسد عمر کے اعلان سے ایک رات پہلے تک عمران خان کو امید نہیں تھی کہ اسد عمر اتنی جلدی استعفے کا اعلان کردیں گے لیکن اسد عمر اعلان کر کے تمام باتوں سے بری الذمہ ہو گئے ۔