لاہور: (سچ نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے معاملے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرفتاریاں اور انتقامی کارروائیاں ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں، ایسا کوئی کام نہیں کیا جس سے شرمندگی ہو۔
سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا ردعمل میں کہنا تھا کہ گرفتاریاں اور انتقامی کارروائیاں شیرکی پیش قدمی اور فتح کو روک نہیں سکتیں، شہباز شریف کی گرفتاری پر خوشیاں منانے والے وزراء کل روتے نظر آئیں گے، چند سیٹیں حاصل کرنے کے لیے ہمیں گھیرا ڈالا جارہا ہے، عمران خان آپ کو احتساب کے نام پر انتقام بہت مہنگا پڑے گا۔ انکا مزید کہنا تھا کہ عمران خان افسوس آپ نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا، ہم نے کوئی ایسا کام نہیں کیا جس سے ندامت ہو، ہم ملک بنانے والوں کی اولاد ہیں، ملکی دفاع کرنے والی جماعت ہیں، الزامات لگانے والوں کو ضمنی الیکشن میں شکست برداشت نہیں ہو رہی۔
خواجہ سعد رفیق کا یہ بھی کہنا تھا کہ پہلی بار آنے والے وقت کی خبریں ادارے نہیں وزراء دے رہے ہیں، یہ انتقام ہے، انتقام زیادہ دیر چل نہیں پائے گا، جھوٹ، ظلم اور جبر کبھی پروان نہیں چڑھ سکتے، ضمنی الیکشن دن بدن اہمیت اختیار کر رہا ہے، لوٹوں کو کوئی ووٹ دینے کو تیار نہیں، ٹی وی پر خبریں آ رہی ہیں، سنا ہے نوٹس بھیجے جارہے ہیں، یہ پہلی بار نہیں ہو گا، ایسے ادوار بہت بار دیکھ چکے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ افسوس 2018 میں ملک کو دوبارہ انتقام کے راستے پر ڈال دیا گیا ہے، انصاف فراہم کرنے والے اس صورتحال کا جائزہ لیں، ملک میں نفرت اور تلخی کی جنگ کو روکنے کی کوشش کریں، اس انتقام کا جواب ووٹ کی طاقت سے دینا ہے۔
سابق وزیر ریلوے نے کہا رفیق شہبازشریف نےغریب کا سر اونچا کیا ، شہباز شریف کی عزت چین سے لے کر ترکی تک کی جاتی ہے، ملک کی خدمت کرنے والوں کو انتقام کا نشانہ بنانا نئی بات نہیں، اس سے زیادہ بدتر انتقام ہم نے کبھی نہیں دیکھا۔
یاد رہے کہ سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق وزیر اعظم عمران خان کی لاہور کی چھوڑی ہوئی سیٹ این اے 131 پر ضمنی انتخاب لڑ رہے ہیں۔واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو نے سابق وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق اور اُن کے بھائی کو 16 اکتوبر کو طلب کر رکھا ہے جب کہ ان کے خلاف پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس کی تحقیقات جاری ہیں۔ سابق وفاقی وزیر ریلوے متعدد بار نیب کے سامنے پیش ہوچکے ہیں اور اپنا بیان ریکارڈ کراچکے ہیں۔