ماسکو (سچ نیوز )وزیراعظم عمران خان گزشتہ روز ایران کا مختصر دورہ کرنے کے بعد وطن واپس پہنچے ہیں تاہم اب ان کا کل سعودی عرب جانے کاامکان ہے لیکن یہاں پر نہایت اہم ترین خبرموصول ہوئی ہے کہ آج روسی صدر ولادی میر پیوٹن بھی دورے پر سعودی عرب جارہے ہیں جہاں وہ سعودی قیادت کے ساتھ ملاقات میں تیل کے معاہدوں پر معاملات طے کریں گے جبکہ اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے خلیج میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے بھی کوشش کریں گے ۔دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ میٹنگ ایسے وقت میں ہونے جارہی ہے جب کچھ عرصہ قبل سعودی تیل تنصیبات پر حملہ ہوا جس کے باعث ریاست کی تیل کی آدھی پیدوار بندہو گئی تاہم سعودی عرب نے کم وقت میں اس پر قابو پا لیا اور تیل کی ترسیل بحال کر دی لیکن امریکہ کی جانب سے اس حملے کا الزام ایران پر عائد کیا گیا تھا جس کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہوا ۔روسی سیاسی تجزیہ کار” فیوڈورلوکیانوف“ نے کہاہے کہ دونوں ممالک کے مابین ہونے والی ملاقات میں تیل سے متعلق معاملات ترجیح رہیں گے کیونکہ اوپیک کے 24 ممالک کے درمیان ڈیل کی معیاد آئندہ بہار میں مکمل ہو رہی ہے ۔یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ایرانی صدر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ انہیں ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی ختم کروانے کیلئے ثالثی کیلئے کسی نے نہیں کہا بلکہ یہ پاکستان کا اپنا فیصلہ ہے ۔