سیالکوٹ(سچ نیوز)پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما و امیدوار این اے 73خواجہ محمد آصف نے کہا کہ عمران خان نے سارے لوٹے جمع کرکے پی ٹی آئی کو ’’ بیت الخلائی مخلوق‘‘ میں تبدیل کرکے رکھ دیا ہے،ہر دور میں اپنا سیاسی قبلہ بدلنے والوں کو تبدیلی کی بات کرتے شرم نہیں آتی،نواز شریف اور مریم ووٹ کی عزت اورتوقیر کی خاطر قید و بند کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں ، ووٹ کو عزت دینے کا بیانیہ کو پاکستان قوم کی مکمل حمایت حاصل ہے اوریہ موقف ایک تحریک کے شکل اختیار کرگیا ہے اور 25جولائی کو عوام شیر کے نشان پر مہر لگا کر میاں محمد نواز شریف کے خلاف فیصلے کی تردید کریں گے۔تفصیلات کے مطابق اپنی آبائی رہائش گاہ محلہ کشمیری میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئےخواجہ محمد آصف نے کہاکہ نواز شریف کی والہانہ قیادت کی بدولت ملک سے لوڈشیڈنگ اور اندھیروں کا خاتمہ ممکن ہوسکا جبکہ دہشت گردی کی جڑیں بھی اکھاڑ پھینکی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ میاں نواز شریف نے پاک چائنہ اقتصادی راہداری کو حقیقت کا روپ دیا اور چائنہ نے پاکستان میں 60ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی،نواز شریف کو جب جب اقتدار ملا اس نے اس کی ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کیا اور اس کو ملک کی ترقی اور خوشحالی کا ذریعہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کوپاکستانی قوم نے تین مرتبہ اپنے ووٹ کی طاقت اور رائے سے اس ملک کا اقتدار بخشا لیکن اس کو ہر مرتبہ غیر آئینی طریقہ سے اقتدار سے الگ کیا گیا ،سیالکوٹ نواز شریف کے وفاداروں کا شہر ہے، نواز شریف عوام کے دلوں بستا ہے دلوں پر آج بھی نواز شریف کی حکومت ہے اور رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ30سالہ سیاسی کیرئیر میں مجھے اپنی وفاداری پر فخر ہے جبکہ ہمارے مد مقابل کی تصاویر کے پوسٹر شہر کی درو دیوار پر لگے ہیں جن میں مشرف، چودھری شجاعت ، نواز شریف اور اب عمران خان نظر آتا ہے،ہر دور میں اپنا سیاسی قبلہ بدلنے والوں کو تبدیلی کی بات کرتے شرم نہیں آتی ، عمران خان نے سارے لوٹے جمع کرکے پی ٹی آئی کو بیت الخلائی مخلوق میں تبدیل کرکے رکھ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 25جولائی کو قوم نواز شریف کے مخالفین اور اس کے خلاف فیصلوں کو شیر پر مہر ثبت کرکے رد کرے گی اور ایک مرتبہ پھر شیر میدان مارے گا۔