لاہور(سچ نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اس دفعہ پہلے سے بہت بہتر توقعات ہیں، اس بار حالات بہت مختلف ہیں، غیر متوقع نتیجہ آئے گا۔نجی ٹی وی چینل’’ہم نیوز‘‘ کے پروگرام ’ندیم ملک لائیو‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و این اے 131 سے امیدوار برائے قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حکومت نے تھوڑے عرصے میں بہت مہنگائی کی ہے، اس کا ردعمل انتخاب میں سامنے آئے گا، تمام سیاسی جماعتوں کو یہ تسلیم کرنا ہو گا کہ ملک میں جمہوریت نہیں ہے، ضمنی انتخاب سر پر ہیں، میں تلخیاں بڑھانا نہیں چاہتا لیکن کسی کو تو سچ بولنا ہو گا،میں عمران خان سے الجھنا نہیں چاہتا، اسمبلی میں جانے کا موقع ملا تو مثبت اپوزیشن کروں گا، حکومت کو تنگ کرنے، گریبان پھاڑنے نہیں، حکومت کی سمت درست کرنے جا رہا ہوں، اگلے چند ماہ میں اپوزیشن کی یہ تقسیم ختم ہو جائے گی، اسلام آباد میں ہم اکھٹے ہیں، اس حلقے میں بھی جلد ہو جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمایوں اختر اس سے پہلے بھی مجھ سے ہارے تھے، اس بار بھی ہاریں گے، اس ضمنی انتخاب میں آپ بالکل الگ نتیجہ دیکھیں گے، کئی لوگ مجھے مل رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ پہلے ہم نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا اس بار آپ کو جیتنے میں مدد کریں گے۔