کراچی (سچ نیوز) قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہونے والے علی رضا عابدی کے سکیورٹی گارڈ کا کہنا ہے کہ اس نے حملہ آوروں پر جوابی فائرنگ کرنے کی کوشش کی تو گن ہی لوڈ نہیں ہوئی۔علی رضا عابدی کے سکیورٹی گارڈ قدیر نے پولیس کو دیے گئے ویڈیو بیان میں بتایا کہ اس نے ایک مہینہ 25 دن پہلے علی رضا عابدی کے بنگلے پرملازمت اختیار کی تھی۔ اس کی ڈیوٹی کے اوقات کار شام 7 سے صبح 7 بجے کے درمیان تھے۔ وہ واقعہ کے وقت معمول کی ڈیوٹی پر موجود تھا، جب علی رضا عابدی کی گاڑی دروازے پر رکی تو وہ دروازہ کھولنے کیلئے اٹھا۔ اس وقت اس کے بائیں ہاتھ میں گن موجود تھی اور اس نے دائیں ہاتھ سے دروازہ کھولا تھا۔گارڈ نے اپنے بیان میں بتایا کہ جیسے ہی اس نے دروازے کا ایک حصہ کھولا تو فائرنگ کی آواز آئی۔ اس نے گن لوڈ کرنے کی کوشش کی تاہم گن ایک بار لوڈ نہ ہوئی تو دوبارہ کوشش کی لیکن پھر بھی لوڈ نہ ہوئی۔ گارڈ نے بتایا کہ جیسے ہی وہ باہر نکلا تو کوئی نظر نہیں آیا لیکن جب اس نے علی رضا عابدی کو دیکھا تو وہ ایک طرف گرے ہوئے تھے اور ان کی گردن سے خون بہہ رہا تھا۔