صنعاء(سچ نیوز)یمن کے ساحلی علاقے الحدیدہ کے جنوب میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر عرب اتحادی فوج نے بمباری کی جس کے نتیجے میں 9 باغی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔عرب خبررساں ادارے کے مطابق یمن کے ایک عسکری ذریعے کا کہناہے کہ جنوبی الحدیدہ میں العمالقہ فورسز اور عرب اتحادی فوج نے التحیتا کے مقام پر حوثیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں درجنوں باغی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔ قبل ازیں اس علاقے میں حوثی شدت پسندوں نے گولہ باری سے متعدد شہریوں کو ہلاک کردیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عرب اتحادی فوج کی بمباری سے حوثی شدت پسندوں کی کئی فوجی گاڑیاں اور اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ ہوگیا۔ادھر حوثی ملیشیا نے الحدیدہ میں شہری آبادی پر ھاون راکٹوں سے حملے کیے جس کے نتیجے میں متعدد شہری جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔ یمن فوج نے باغیوں کی کارروائی کا منہ توڑ جواب دیا۔