اسلام آباد: (سچ نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ اپوزیشن کا کوئی حربہ کارگر ثابت نہیں ہو سکے گا، احتساب کا عمل جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت ترجمانوں کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے ترجمانوں کو اہم ٹاسک سونپتے ہوئے کہا کہ اداروں کو متنازع بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ن لیگ کی جانب سے اداروں پر حملوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے ماضی میں عدلیہ پر دباؤ ڈالا جاتا رہا لیکن اب نئے پاکستان میں ایسا نہیں چلے گا۔ اپوزیشن کا کوئی حربہ کارگر ثابت نہیں ہو سکے گا، احتساب کا عمل جاری رہے گا۔
احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ویڈیو معاملے پر پارٹی نہیں بننا چاہیے، عدلیہ آزاد اور خود مختار ہے، اسے مبینہ ویڈیو کا نوٹس لینا چاہیے۔