کوالالمپور(سچ نیوز) عجب کرپشن کی غضب کہانیاں ہمارے ہاں بھی منظرعام پر آتی رہتی ہے مگر الزامات کی صورت ہواﺅں میں ہی رہتی ہیں، کبھی منطقی انجام کو نہیں پہنچ پاتیں۔ اب ملائیشیاءسے کرپشن کی ایک ایسی کہانی سامنے آئی ہے کہ سن کر پاکستانیوں کی آنکھیں بھی کھلی کی کھلی رہ جائیں گی۔ میل آن لائن کے مطابق یہ کہانی 36سالہ ’لوتائیک ژو‘ نامی شخص کی ہے جس نے ملائیشین حکومت کے ساڑھے 4ارب ڈالر (تقریباً 6کھرب27ارب41لاکھ روپے) چوری کرکے امریکہ منتقل کیے اور مالِ مفت دلِ بے رحم کے مصداق ایسی ایسی لگژری اشیاءخریدیں کہ عرب شہزادوں کو بھی مات دے دی۔ اب اس کی تمام جائیدادیں اور اثاثے امریکی حکومت نے منجمد کر دیئے ہیں۔لوژو نے یہ رقم ملائیشین حکومت کے سرمایہ کاری فنڈ سے چوری کی۔ رقم امریکہ منتقل کرنے کے بعد اسے 20کروڑ ڈالر کے تو صرف فن پارے ہی خریدے جس میں پیکاسو کی 17کروڑ 30لاکھ ڈالر مالیت کی ایک پینٹنگ بھی شامل تھی۔اس نے سپر ماڈل میرانڈا کیر کو انتہائی مہنگا پیانو تحفے میں دیا جس کے آرپار دیکھا جا سکتا تھا اور اداکار لیونارڈوڈی کیپریو کو اس نے مارلن برانڈو کا 1954ءمیں حاصل کیا گیا آسکر خرید کر تحفے میں دیا۔یہ آسکر مارلن برانڈو نے اپنی فلم ’آن دی واٹرفرنٹ‘ میں بہترین کارکردگی پر جیتا تھا۔اس کے علاوہ اس نے 25کروڑ ڈالر کی ایک لگژری کشتی، نیویارک میں 3کروڑ 10لاکھ ڈالر مالیت کا ایک لگژری گھر اور 2کروڑ 50لاکھ ڈالر کا ذاتی ہوائی جہاز بھی خریدا۔لو ژو ان دنوں چین میں روپوش ہے اور ایک ترجمان کے ذریعے بات کرتے ہوئے اس نے کہا ہے کہ ”میں نے کوئی کرپشن نہیں کی۔“