نئی دہلی (سچ نیوز )بھارت نے شدید عالمی دباﺅ کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کل سے موبائل فون سروس کی بحالی کا اعلان کیا ہے۔ روزنامہ جنگ کے مطابق بھارتی حکومت نے ہفتے کے روز کشمیر میں زیادہ تر موبائل فون رابطوں کی بحالی کا اعلان کر دیا۔ دو ماہ سے زائد عرصہ پہلے نئی دہلی حکومت کی طرف سے اس خطے کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے مواصلاتی رابطے منقطع تھے۔ بھارتی حکومت کے ترجمان روہت کنسال نے ہفتے کو کہا کہ جموں و کشمیر کے حالات و واقعات کا جائزہ لینے کے بعد موبائل فون سروس بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مختلف ٹیلی کام کمپنیوں کے صارفین میں کوئی تفریق کیے بغیر تمام پوسٹ پیڈ‘ موبائل فون سروسز آئندہ پیر سے مقامی وقت کے مطابق دوپہر سے بحال کر دی جائیں گی۔“ انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مزید بتایا کہ اس فیصلے کا اطلاق کشمیر کے تمام اضلاع پر ہو گا۔تاہم اس پریس کانفرنس کے دوران کنسال نے یہ نہیں بتایا کہ آیا کشمیر میں انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی پر عائد پابندی بھی اٹھائی جا رہی ہے؟ بھارتی حکومت نے ابھی گزشتہ جمعرات کو ہی کشمیر میں پابندیاں نرم کرتے ہوئے سیاحوں کو وہاں جانے کی اجازت دے دی تھی۔