انقرہ(سچ نیوز) ترک صدر رجب طیب اردگان بھی بظاہر وزیراعظم عمران خان کے نقش قدم پر چل پڑے ہیں جنہوں نے گزشتہ روز ترکی کے سنٹرل بینک کے گورنر کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جس طرح وزیراعظم عمران خان نے ڈالر کی قیمت اور شرح سود کے معاملے پر گورنر سٹیٹ بینک کو تبدیل کیا تھا اسی طرح رجب طیب اردگان اور سنٹرل بینک کے گورنر کے درمیان شرح سود کے تعین پر اختلاف پیدا ہوا اور صدر اردگان نے انہیں عہدے سے ہٹا دیا۔رپورٹ کے مطابق عہدے کی چار سالہ مدت کے پیش نظر سنٹرل بینک کے گورنر مراد سیتنکیا (Murat centinkaya)کو 2020ءتک اس عہدے پر رہنا تھا اور پھر ان کے نائب مراد اوئسل (Murat Uysal)کو اس عہدے پر فائز ہونا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر رجب طیب اردگان شرح سود کو کم کرنا چاہتے تھے تاکہ درپیش معاشی بحران اور ترک کرنسی لیرا کی گرتی قدر کو سہارا دیا جا سکے تاہم سنٹرل بینک نے گزشتہ سال ستمبر سے شرح سود24فیصد پر برقرار رکھی ہوئی تھی۔ایک سینئر حکومتی عہدیدار نے رائٹرز کو بتایا کہ ”صدراردگان ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہیں جس کے لیے وہ بڑے فیصلے کر رہے ہیں۔ سنٹرل بینک کے گورنر کو ہٹایا جانا بھی انہی میں سے ایک ہے۔“