نئی دہلی (سچ نیوز) سابق بھارتی وزیر خارجہ یشونت سنہا نے کہا کہ ہندوستان کشمیر کو کھو چکا ہے، بھارت کشمیریوں کو طاقت کے زور پر کچلنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔بھارتی نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق ہندوستانی وزیر خارجہ یشونت سنہا کا کہنا تھا کہ بھارتی پالیسیوں کے باعث نیپال کے عوام بھارت سے نفرت کرتے ہیں اور کشمیریوں کی نفرت ان سے کہیں زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے پالیسیوں میں ہم ایک سے بڑھکر ایک غلطیاں کرتے جا رہے ہیں ،سب سے بڑی غلطی کشمیریوں پر طاقت کا استعمال ہے ،مذاکرات کے بجائے طاقت کے استعمال کو ہم مسئلے کا حل سمجھ بیٹھے ہیں، طاقت کا استعمال جمہوریت اور انسانی حقوق کے خلاف ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں طاقت استعمال کر کے لوگوں کو ظالمانہ طریقے سے مارا جا رہا ہے ،میں نے بھارتی حکام کو بتایا کہ میں نے جموں اور وادی کے دورے کے دوران محسوس کیا کہ کشمیری بھارت سے بے پناہ نفرت کرتے ہیں، وادی کے لوگوں کا جذبہ حریت ماضی سے کہیں زیادہ ہے ،ہم نے جموں کشمیر کے بالخصوص کشمیر وادی سے تعلقات تباہ کر دیے ہیں۔