نیو یارک (سچ نیوز) صدی کے سب سے بڑے مقدمے میں تاریخ کے سب سے بڑے سمگلر ایل چیپو کو عمر قید کی سخت ترین سزا سنادی گئی ہے۔میکسیکو سے تعلق رکھنے والے 61 سالہ جیکن ایل چیپو گزمین کو امریکی ریاست نیویارک میں ایک جیوری نے صنعتی بنیادوں پر منشیات کی سمگلنگ کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ڈرگ لارڈ ایل چیپو اپنی سزا امریکہ کی ہائی سیکیورٹی جیل میں پوری کرے گا کیونکہ اس سے قبل وہ اپنے آبائی ملک میکسیکو میں 2 بار انتہائی ہائی سکیورٹی کی جیلیں توڑ کر فرار ہوچکا ہے، اسے 2017 میں گرفتار کرکے امریکہ کے حوالے کیا گیا تھا۔ایل چیپو کے خلاف مقدمے میں 50 سے زائد گواہوں کو پیش کیا گیا جنہوں نے منشیات سمگلنگ کے سب سے بڑے نیٹ ورک کا بھانڈا پھوڑا اور بتایا کہ کس طرح ایل چیپو کا نیٹ ورک اربوں ڈالر کی کوکین، ہیروئن، میتھ اور میروانا امریکہ میں سمگل کرتا رہا ہے۔خیال رہے کہ میکسیکو سے تعلق رکھنے والے ایل چیپو 2003 میں اس وقت منشیات سمگلنگ کے بے تاج بادشاہ بن گیا تھا جب اس کے حریف اوزیل کارڈینز کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔امریکہ کی وزارت خزانہ کے مطابق ایل چیپو دنیا کا سب سے بڑا ڈرگ ڈیلر تھا جس کے معلوم اثاثوں کی مالیت ایک ارب ڈالر سے زائد ہے۔