اسلام آباد (سچ نیوز) صدر ممنون حسین کے عہد صدارت کی معیاد آج مکمل ہوگئی ہے،وہ آج صدر کے عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے ،ممنون حسین کو ایوان صدر سے رخصتی کے موقع پر مسلح افواج کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا ۔
تفصیلات کے مطابق صدر ممنون حسین اپنے عہد صدارت کی مدت مکمل ہونے پر آج صدارتی ذمہ داروں سے سبکدوش ہوجائیں گے ۔ ایوان صدر سے رخصتی کے موقع پر انھیں مسلح افواج کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا ۔ صدر ممنون حسین نے ایوان صدر کے سٹاف سے الوداعی ملاقات کی او ر اپنا عہد صدارت مکمل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ۔
صدر ممنو ن حسین نے اپنے عہد صدارت کے دوران پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے چار بار خطاب کیا اور چاروں مرتبہ خطاب قومی زبان اردو میں کیا ۔ اس کے علاوہ انہوں نے ملک میں اردو زبان کی ترویج کے لئے بھی اہم اقدامات کئے ۔صدر نے مختلف ممالک کے ساتھ دفاعی تعاون اور تجار ت میں فروغ کے معاہدے بھی کئے ۔
واضح رہے کہ صدر ممنون حسین نے 1993میں مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی تھی اور 1999میں گورنر سندھ بھی رہے ۔ ممنون حسین کو 2013کے عام انتخابات کے نتیجے میں مسلم لیگ ن کی حکومت بننے کے بعد سابق صدر آصف زرداری کی مدت صدارت مکمل ہونے پر مسلم لیگ ن کی جانب سے صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا اور وہ صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے مسند صدارت پر براجمان ہوئے تھے ۔