ممبئی ( سچ نیوز ) مہاراشٹر میں شیوسینا کی حکومت آنے کے بعد دنیائے کرکٹ کے عظیم کھلاڑیوں سچن ٹنڈولکر اور سنیل گواسکر کی سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر اور سابق کپتان سنیل گواسکر کو ریاست مہاراشٹر کی حکومت نےX کیٹگری کی سکیورٹی فراہم کر رکھی تھی۔ اس کیٹگری کے تحت متعلقہ شخصیت کے ساتھ ایک پولیس اہلکار 24 گھنٹے سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیتا ہے۔ ممبئی پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سچن ٹنڈولکر کو پولیس ایسکارٹ کی سہولت مہیا کی جاسکتی ہے۔
علاوہ ازیں شیو سینا کی حکومت نے باقی اہم شخصیات کی سکیورٹی کا بھی از سر نو جائزہ لیا ہے اور کئی لوگوں کی سکیورٹی واپس لے لی ہے۔ ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے سربراہ اور حال ہی میں ریاست مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ منتخب ہونے والے ادھو ٹھاکرے کے بیٹے آدتیہ ٹھاکرے کو پہلے وائی پلس سکیورٹی دی جارہی تھی لیکن اب ان کی سکیورٹی اپ گریڈ کرکے زیڈ کیٹگری میں کردی گئی ہے۔خیال رہے کہ انڈیا میں مختلف اہم شخصیات کو X, Y, Z, Z+ اور SPG سکیورٹی فراہم کی جاتی ہے۔ اس میں سب سے کم تر درجہ ایکس کیٹگری کا ہے جس میں صرف 2 پولیس اہلکار تعینات ہوتے ہیں اور باری باری ڈیوٹی سرانجام دیتے ہیں، یعنی ایک وقت میں ایک اہلکار X کیٹگری رکھنے والی شخصیت کے ساتھ ہوتا ہے۔ انڈیا میں سکیورٹی کیٹگری میں سب سے ہائی فائی ایس پی جی کیٹگری ہے جس کی تفصیلات خفیہ رکھی جاتی ہیں اور ان کے حوالے سے صرف وزیر اعظم کو پتا ہوتا ہے۔