لاہور: (سچ نیوز) شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف مسلم لیگ ن نے عوامی اسمبلی لگا لی، پنجاب اسمبلی میں اجلاس کی اجازت نہ ملی تو مرکزی دروازے پر ہی دریاں بچھا کر احتجاجی آواز بند کر دی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف لیگی اراکین نے پنجاب اسمبلی کی سیڑھیوں پر اجلاس کی اجازت نہ ملنے پر اسمبلی کے مرکزی دروازے پر احتجاجی اسمبلی لگا دی۔
پہلے مسلم لیگ ن کے اسمبلی اراکین نے نعرہ بازی کی اور پھر مرکزی گیٹ پر دھاوا بول دیا۔ احتجاجی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ آج پنجاب اسمبلی کو نہیں جمہوری نظام کو تالا لگا دیا گیا ہے۔ عمران خان قوم کے سامنے بے بیان ہو چکے ہیں۔ آئی ایم ایف کے پاس جانے کے بجائے خود کشی کو ترجیح دینے والے اسی سے رجوع کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ شہباز شریف کو گرفتار کرنے والے عبدالعلیم خان کی آف شور کمپنی کا بھی حساب دیں۔
خواجہ سعد رفیق کا احتجاجی اسمبلی سے خطاب میں کہنا تھا کہ آج کا وزیرِاعظم مخالفین کو جیلوں میں ڈالنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ عمران خان اپوزیشن کے ساتھ لڑائی کرنا چاہتے ہیں۔ ضمنی الیکشن میں عوام پاکستان کے بال ٹھاکرے کو مسترد کر دیں گے۔ ان کا کہنا کہ تھا اگر حکومتی رویہ یہی رہا تو سڑکوں کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہو گا