اسلام آباد: (سچ نیوز ) سابق وزیراعظم نواز شریف کی 22 سال بعد اپوزیشن چیمبر آمد ہوئی جہاں انہوں نے شہباز شریف سے ملاقات کی، نواز شریف نے اے پی سی میں نہ جانے کا فیصلہ کر لیا۔
شریف برادران اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں سر جوڑ کر بیٹھے، مولانا فضل الرحمان کی مجوزہ اے پی سی پر مشاورت ہوئی، نیب مقدمات اور ن لیگ کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال ہوا، مولانا فضل الرحمان کی مجوزہ اے پی سی میں ن لیگ کی طرف سے راجہ ظفر الحق کی قیادت میں وفد شرکت کرے گا، نواز شریف شریک نہیں ہوں گے۔
نواز شریف کی وزارت عظمیٰ سے نااہلی کے بعد پہلی بار پارلیمنٹ ہاوس آمد ہوئی، شہباز شریف نے نیچے گیٹ پر آ کر بڑے بھائی اور قائد کا گلے لگا کر استقبال کیا، ن لیگی رہنماؤں نے وزیراعظم نواز شریف کے نعرے لگائے۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے این آر او سے متعلق سوالات کا گول مول جواب دیا۔
پیپلز پارٹی کے خورشید شاہ بھی کچھ دیر بعد اپوزیشن لیڈر چیمبر پہنچ گئے، تینوں مل کر دیر تک سیاسی معاملات پر رازونیاز کرتے رہے، مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی بھی اپنے قائد سے ملے۔