شمالی وزیرستان میں شہید کیپٹن اور حوالدار کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی

شمالی وزیرستان:  (سچ نیوز)  شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کےساتھ جھڑپ میں شہید ہونےوالے پاک فوج کے کیپٹن اور حوالدار کی نماز جنازہ جی ایچ کیو راولپنڈی میں ادا کر دی گئی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی.

آرمی چیف نے شہدائے شمالی وزیرستان کو خراج عقیدت پیش کی۔ مادر وطن پر جانیں قربان کرنے والے کیپٹن اور حوالدار کی نماز جنازہ میں شرکت کرتے ہوئے شہدا کے لئے دعائے مغفرت بھی کی۔

جی ایچ کیو راولپنڈی میں نمازجنازہ کے بعد دونوں شہدا کےجسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیئے گئے۔ آئی ایس پی ار کے مطابق کیپٹن جنید کا تعلق مری سے ہے وہ غیرشادی شدہ تھے، حوالدار عبدالرزاق شہید کا تعلق ضلع استور سے ہے۔

بعد ازاں شہید کیپٹن جنید کی پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سہربگلہ مری میں تدفین کر دی گئی۔ پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے شہید کے جسدِ خاکی کو سلامی پیش کی۔ شہید کی قبر پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔

شہید کیپٹن جنید نے چار سال قبل کمیشن پاس کیا تھا، شہید کیپٹن کے بہن اور بھائی کی 8 اکتوبر کو شادی طے تھی۔

Exit mobile version