لاہور: : (سچ نیوز) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ شریف برادران کی طلبی کی درخواست مسترد کرنے پر لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔
ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ڈیزائن کرنے والے طلب نہیں ہوں گے تو انصاف کیسے ہوگا؟ سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ کیا سترہ جون 2014ء کے دن انسان نہیں چیونٹیوں کو مارا گیا؟
ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی دہشتگردی کا منظر میڈیا کے ذریعے پوری دنیا نے براہ راست دیکھا۔
خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے سابق وزیرِاعظم نواز شریف، شہباز شریف سمیت 12 شخصیات کے نام عوامی تحریک کے استغاثہ میں شامل کرنے کی اپیل مسترد کر دی ہے تاہم فل بنچ کے سربراہ جسٹس قاسم خان نے فیصلے سے اختلاف کیا۔
تین رکنی فل بنچ نے دو ایک کے تناسب سے عوامی تحریک کی 9 سیاست دانوں سمیت 3 بیورو کریٹ کے نام استغاثہ میں شامل کرنیکی درخواست مسترد کی۔
عوامی تحریک نے موقف اختیار کیا تھا کہ استغاثہ میں نواز شریف، شہباز شریف، رانا ثنا اللہ، خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، پرویز رشید، عابد شیر علی، چودھری نثار سمیت 12 شخصیات کے نام استغاثہ میں شامل کیے جائیں۔